ابنٹو کارمک کوآلا پر ایک نظر

ابنٹو کا اگلا نسخہ، ابنٹو نو اعشاریہ دس المعروف کارمک کوآلا اگلے چند دن میں جاری ہونے والا ہے۔ میں نے اس کا بیٹا نسخہ اتارا اور آزمایا ہے۔ یک سطری رائے دوں تو کارمک کوآلا، نہ صرف ابنٹو بلکہ آج تک میں نے جتنی بھی لینکس ڈسٹروز آزمائی ہیں ان سب میں بہترین ہے۔

اب ذرا تفصیل۔ سب سے پہلی بہتری جو کہ پچھلے نسخے میں بھی موجود تھی وہ ہے برق رفتار بوٹ اپ۔ ابنٹو نے اپ اسٹارٹ کے ذریعے جن تبدیلیوں کا آغاز کیا تھا کارمک میں ان تبدیلیوں کو بہتر کیا گیا ہے۔ نہ صرف یہ کہ کارمک تیزی سے بوٹ ہوتا ہے بلکہ لاگ آن اسکرین سے ڈیسکٹاپ کی ٹرانسیشن کو بھی خوبصورتی سے تراشا گیا ہے اور یوں معلوم ہوتا ہے جسے آپ کا ڈیسکٹاپ فوری لوڈ ہوگیا ہو۔ رفتار کے ساتھ خوبصورت انیمیشن کے ذریعے ڈیسکٹاپ کو منتقلی آپ کو فوری طور پر ایک استعمال کے لئے تیار ماحول فراہم کرتی ہے۔

ubuntu-910-karmic

اس نسخے میں ڈیسکٹاپ بیک گراؤنڈ، آئیکونز، اور یوزر انٹرفیس میں بھی چند دلچسپ اور خوبصورت تبدلیاں کی گئی ہیں۔ گنوم کا ابنٹو تھیم اس نسخے کے لئے موڈیفائی کیا گیا ہے۔ تھیم کی دو نمایاں خوبیاں ایک تو نئے آئیکون جو آنکھوں کو بھلے معلوم ہوتے ہیں اور ڈیسکٹاپ ماحول میں زیادہ بہتر فٹ ہوتے ہیں۔ دوسری کنٹرولز اور ونڈوز کی کلر اسکیم اور بٹنوں کے سائز کی ہے۔ پچھلے نسخے کے تھیم کی خامی یہ تھی کہ وہ ڈیسکٹاپ ماحول کو عجب گولا گنڈا سا رنگین بنادیتا تھا اسے دور کیا گیا ہے۔ آنکھوں کو چبھتے نارنگی رنگ کے بجائے چاکلیٹی کلر کا استعمال کیا گیا ہے۔ گنوم کے نئے نسخے میں مینو بٹنز جیسے یس نو اور کینسل وغیرہ پر آئیکون بنے نظر نہیں آتے جس سو وہ کافی بھلے دکھائی دے رہے ہیں۔

گنوم کے نئے نسخے کے استعمال کے ساتھ، اب ابنٹو نے پڈجن انسٹنٹ مسینجر کی جگہ ایمپیتھی شامل کیا ہے۔ یہ پڈجن سے کوئی زیادہ مختلف نہیں ہے۔ اس سے آپ گوگل ٹاک پر آڈیو ویڈیو چیٹ بھی کرسکتے ہیں تاہم میں نے یہ فیچرز آزمائے نہیں ہیں۔

ubuntu-910-screenshot

ایک اہم خاصیت اس نسخے کی یہ ہے کہ یہ ای ایکس ٹی تھری فائل سسٹم کی جگہ ای ایکس ٹی فور فائل سسٹم بائی ڈیفالٹ استعمال کرتا ہے۔ یعنی اگر آپ ایک فریش انسٹال کرتے ہیں اور ایک پارٹیشن یا ڈسک منتخب کرتے ہیں تو یہ اسے بائی ڈیفالٹ ای ایکس ٹی فور کے طور پر فارمیٹ کرے گا۔ آپ چاہیں تو ای ایکس ٹی تھری ہی استعمال کرسکتے ہیں۔

اس نسخٔے میں فائر فوکس کا نیا نسخہ 3.5 استعمال ہوریا ہے جو کافی تیز ہے۔ اور اب کی بار فائر فوکس کی گنوم انٹگریشن میں کافی بہتری نظر آرہی ہے۔ فلیش اور دیگر پلگ انز کی انسٹالیشن کا طریقہ کار وہی پرانا ہے یعنی آپ کو ابنٹو ریسٹرکٹڈ ایکسٹراز نامی ایک پیکیج انسٹال کرنا ہوگا۔

جن لوگوں کو انٹیل کے ڈرائیورز استعمال کرتے ہوئے ابنٹو کے پچھلے ورژن میں مشکلات کا سامنا تھا۔ ان کی مشکلات اب کی بار نئے انٹل ڈرائیورز کی بدولت حل ہوجائیگی۔

چونکہ یہ بیٹا نسخہ ہے اس لئے اس میں کئی خامیاں ابھی بھی موجود ہیں مگر جس رفتار سے اپڈیٹ آرہے ہیں اور بگ فکسنگ جاری ہے اس سے لگتا ہے کہ ریلیز سے قبل ان میں سے اکثر غائب ہوچکی ہونگی۔ فی الحال اس میں ٹوٹم میڈیا پلئر میں ویڈیو پلے کرتے وقت اگر آپ فارورڈ کرتے ہیں اور ویڈیو xvid کوڈک میں ہے تو آڈیو آگے پیچھے ہوجاتی ہے۔ ٹوٹم کا یو ٹیوب پلگ ان بہت عمدہ ہے اور اب اس میں بی بی سی پلگ ان بھی ڈال دیا گیا ہے جس سے آپ بی بی سی کی پوڈکاسٹس سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

حسب روایت ابنٹو ابھی بھی اردو لکھنے والوں کے لئے بہترین آپریٹنگ سسٹم ہے۔ اس نسخے میں ابنٹو پر اردو کی تنصیب کو مزید آسان بنادیا گیا ہے۔ آپ لینگویجز پر جاکر صرف ایک کلک کے ذریعے اردو سپورٹ انسٹال کرسکتے ہیں۔ ابنٹو کی اردو سپورٹ میں گنوم، اوپن آفس، نفیس ویب نسخ بطور فونٹ، اور کئی دیگر پیکجز شامل ہیں۔ کی بورڈ لے آؤٹس میں بھی ابنٹو آپ کو ایک نہیں بلکہ چار اردو کی بورڈ لے آؤٹ میں سے انتخاب کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ ان میں اردو ویب پر نصب کی بورڈ لے آؤٹ اور کرلپ کا فونٹک کی بورڈ لے آؤٹ دونوں شامل ہیں۔

ubuntu-910-urdu