قریب المرگ کمپیوٹرز کی مسیحا لینکس

ہمارے گھر پر ایک بہت پرانا کمپیوٹر استعمال ہورہا تھا۔ چند دن پہلے اس کی میموری کا ایک حصہ انتقال کرگیا جس کے بعد اب اس کمپیوٹر کی میموری صرف ایک سو اٹھائیس ایم بی رہ گئی۔ اس میں انٹیل کا پنٹیم تھری پروسیسر ہے جو قریبا آٹھ سو میگا ہرٹز کی رفتار کا حامل ہوا کرتا تھا۔ مگر گرزتے وقت کے ساتھ ساتھ اب اس کی رفتار اسقدر مدہم ہوچکی ہے۔ اتنی کم ریسورسز میں اس پر ابنٹو یا ونڈوز ایکس پی کا چلنا بے حد دشوار تھا۔

آپ کو معلوم ہوگا چند روز قبل ڈیبیان نے اپنا نیا نسخہ لینی جاری کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار ڈیبیان نے اپنے کے ڈی ای، اور گنوم انسٹالیشن کے ساتھ ایک اور آپشن بھی رکھا ہے۔ وہ ہے ایل ایکس ڈی ای جو کہ مخفف ہے لائٹ ویٹ ایکس ڈیسکٹاپ انوائرنمنٹ کا۔ میں نے ایل ایکس ڈی ای کے بارے میں ویب پر پہلے ہی کچھ دلچسپ تبصرہ جات پڑھ رکھے تھے۔ یہ آپریٹنگ سسٹم خاص طور پر کمپیوٹرز کی اس نئی نسل کے نوٹ بکس کے لئے کارآمد ہے جو فوری طور پر آپ کو انٹرنیٹ سے جوڑنے کے کام آتے ہیں۔ جیسا کہ ای ای ای پی سی (جو کہ میرے فیوریٹ کمپیوٹر فروش گلیکسی کمپیوٹرز کے یہاں پچیس ہزار میں دستیاب ہے)۔ ایل ایکس ڈی ای بہت لائٹ ویٹ ہے اور اس کی سب سے خاص بات اس کی میموری بچانے کی خوبی ہے۔

ڈیبیان ایل ایکس ڈی ای ایک سنگل سی ڈی پر آسان گرافک انسٹالر کے ساتھ دستیاب ہے۔ ڈاونلوڈ صفحے پر جائیں اور ڈاؤنلوڈ کا طریقہ منتخب کریں میں ٹارنٹ کے ذریعے ڈاؤنلوڈ کرتا ہوں۔ اگلے اسٹیپ میں اپنا کمپیوٹر پلیٹ فارم منتخب کریں۔ یہاں آپ کو بتیس سی ڈی امیجز ڈاؤنلوڈ کے لئے دستیاب ہونگی۔ آپ کو صرف وہ سی ڈی ڈاؤنلوڈ کرنا ہے جس کے ساتھ ایل ایکس ڈی ای سی ڈی اول لکھا ہو۔

ڈیبیان نے لینی کے ساتھ اس بار یہ خوبصورت گرافک انسٹالر متعارف کرایا ہے جو کہ ایک سنگل سی ڈی کے ساتھ آپ کو فوری طور پر ایک مکمل آپریٹنگ سسٹم نصب کرکے دیتا ہے۔ سی ڈی ڈاؤنلوڈ کرنے کے بعد میں اسے اپنے پرانے کمپیوٹر میں لگایا اور ری بوٹ کرا۔ ڈیبیان کا گرافک انسٹالر ابنٹو کے انسٹالر کے مقابلے میں بہت تیز رفتار ہے۔ کیونکہ ڈیبیان ایک لائیو سسٹم آپ کے کمپیوٹر پر لوڈ کرنے کے بجائے براہ راست انسٹالیشن کے آپشن فراہم کرتا ہے۔ انسٹالیشن کے دوران آپ سے پوچھا جاتا ہے کہ آپ کونسا ڈیسکٹاپ ماحول نصب کرنا چاہتے ہیں۔ گرچہ مجھے یہ انسٹالر بہت آسان لگا، کیونکہ میں پہلے ڈیبیان نیٹ انسٹال کے ذریعے کمانڈ لائین انٹرفیس استعمال کرتے ہوئے کی بار انسٹال کرچکا ہوں۔ اس لئے میں ڈیبیان کے انسٹالر سے کافی واقف ہوں۔ لیکن ہوسکتا ہے ابنٹو یا ونڈوز استعمال کرنے والوں کو یہ اتنا آسان نہ لگے۔

انسٹالیشن کے بعد ایک خوبصورت ڈیسکٹاپ پر لاگ آن ہوا۔ اب ایل ایکس ڈی ای کی خوبیاں:

یہ واقعی میں بہت برق رفتار ہے۔ خصوصا تب جب آپ اپنے کمپیوٹر پر محض ویب براؤسنگ اور ڈیجیٹل میڈیا سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہوں۔ ڈیفالٹ انسٹالیشن میں یہ آپ کو ویب براؤسر انسٹال کرکے نہیں دیتا۔ اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں پیکیج منیجمنٹ کے لئے بھی کوئی گرافک یوزر انٹرفیس والے ٹولز نہیں ہیں۔ سب سے پہلے ٹرمینل کھولا اور آپٹیٹیوڈ کے ذریعے سائنپٹک، ایپیپہینی ویب براؤسر، وی ایل سی میڈیا پلئر، پیڈجن، اور جاوا انسٹال کرے۔ ایپیپہینی ویب براؤسر اس لئے انسٹال کیا کہ فائر فاکس (ڈیبیان میں یہ آئس ویزل کہلاتا ہے) کمپیوٹر کو سست کردیتا، ایپیپہینی کے پیچھے فائر فوکس کا ہی انجن ہے مگر یہ بہت کم میموری کھاتا ہے۔ وی ایل سی میڈیا پلئر لائٹ ویٹ ہے اور تقریبا ہر میڈیا فائل پلے کرتا ہے۔

اب ہمارے گھر پر تین کمپیوٹرز کا ایک نیٹ ورک ہے۔ ان میں سے دو پر ڈیبیان ہے۔ ایک گنوم اور دوسرا ایل ایکس ڈی ای استعمال کرتا ہے۔ تیسرے پر ونڈوز ایکس پی ہے۔ اس کے علاوہ گنوم والے کمپیوٹر پر ہم ونڈوز وسٹا بھی استعمال کرتے ہیں۔ لیکن ایل ایکس ڈی ای اسوقت ہمارے گھر پر سب سے مقبول ڈیسکٹاپ ہے کیونکہ یہ نہ صرف تیز ہے بلکہ کافی خوبصورت بھی ہے۔