مدد کا موقع

گوگل نے اپنی دسویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پروجیکٹ “Project 10100” کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے میں انہوں نے آپ سے درخواست کی ہے کہ اگر آپ کے ذہن میں کوئی دنیا کو بدل ڈالنے والا خیال ہے، کوئی ایسا خیال جو ہزاروں لاکھوں لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لائے، تو آپ وہ خیال گوگل کو بھیح دیں۔ اس کے بدلے گوگل آپ کے خیال کو عملی جامہ پہنانے کے لئے دس ملین ڈالر مختص کررہا ہے۔

تو اگر آپ دنیا بدل ڈالنا چاہتے تھے تو آپ کے پاس ایک موقع ہے۔ ابھی اپنا خیال گوگل تک پہنچائیں۔

ویسے مجھے کافی حد تک اندازہ ہے کہ پاکستانیوں کے ذہن میں کونسے خیالات کلبلائیں گے۔ مگر بے فکر رہیں میرے خیال میں گوگل کے ججز اس رائے سے متفق نہ ہونگے کہ یہ پیسے اسلام کی تبلیغ اور ترویج کے لئے مختص کردئے جائیں تو ساری دنیا کی بھلائی ہوجائیگی۔

دس ملین ڈالر کی رقم کوئی اتنی بڑی نہیں خصوصا اگر انسانیت کو لاحق مسائل دیکھے جائیں۔ خوراک کی قلت کو ہی لیں، اگر عمدہ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے تو افریقہ اور ایشیا میں خوراک کی کمی کا مسئلہ بخوبی حل ہوسکتا ہے۔ لیکن اس عمدہ ٹیکنالوجی کے اتنے بڑے پیمانے پر استعمال کی تشہیر اور ترویج کے لئے دس ملین ڈالر کچھ بھی نہیں۔

ایڈز، کینسر، دیگر موذی امراض کی تحقیقات کے لئے یہ رقم ناکافی ہے کیونکہ سائنٹفک ریسرچ دن بدن پیچیدہ اور مہنگی ترین ہوتی چلی جارہی ہے۔

تعلیم کے لئے بھی یہ رقم کافی کم ہے۔ دس ملین ڈالر سے دنیا کے لاکھوں کروڑوں ایسے بچوں کو بنیادی تعلیم دینا ناممکن ہے۔

تو کیا یہ رقم بہت کم ہے؟ نہیں دراصل یہی تو اس پروجیکٹ کی بریلیئنس ہے، ایسا خیال تلاش کرنا جو کم پیسوں میں، عمدہ ٹیکنالوجی اور ذہانت سے مثبت تبدیلی کا ایسا سلسلہ شروع کردے جو سنوبال کی طرح ہر چکر میں دگنا اور چوگنا ہوتا چلا جائے۔ کیا آپ کے پاس ایسا کوئی خیال ہے؟